urdu

ترتیبات

جون 27, 2026

باکو کانفرنس سے خطاب کے دوران: لیگ کے صدر کا غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لئےاسلامی پارلیمانی اتحاد بنانے کا مطالبہ

باکو کانفرنس سے خطاب کے دوران: لیگ کے صدر کا غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لئےاسلامی پارلیمانی اتحاد بنانے کا مطالبہ

لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین کے صدر حمید بن عبداللہ الاحمر نے اسلامی ممالک کی پارلیمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف مذمت اور احتجاج تک محدود نہ رہیں بلکہ مؤثر اقدامات کریں اور ایسے قوانین بنائیں جو حقیقی اثر ڈال سکیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ پوری دنیا کا سب سے اہم مسئلہ ہے، اور جب تک اس کا منصفانہ اور جامع حل نہیں نکلتا، دنیا میں امن اور استحکام ممکن نہیں۔

حمید بن عبداللہ الاحمر نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین کے بیسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی قبضہ غزہ کی پٹی میں نسل کشی کی جنگ مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ معاہدے کے بعد بھی ایک ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام واقعات ثابت کرتے ہیں کہ اسرائیل امن نہیں چاہتا بلکہ فلسطینیوں کو ذلت آمیز ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا اور فلسطین کے مسئلے کو مکمل طور پر ختم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ میں اسرائیل غیر معمولی آبادیاتی اور جغرافیائی تبدیلیاں کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے وہ نام نہاد "ییلو لائن" کو وسیع کر رہا ہے اور غزہ کے تقریباً 70 فیصد علاقے پر قبضہ جما رہا ہے، جس میں رفح شہر اور مشرقی و شمالی علاقے بھی شامل ہیں۔ اس کے نتیجے میں بیس لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو ایک انتہائی تنگ علاقے میں محدود کر دیا گیا ہے۔

لیگ کے صدر نے بھوک کو ہتھیار بنانے اور سرحدی راستے بند کر کے انسانی امداد روکنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلی جنگی جرم اور نسل کشی ہے۔

الاحمر نے اسرائیلی جیلوں میں قید ہزاروں فلسطینی قیدیوں پر ہونے والے مظالم کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان قیدیوں کو جبری طور پر لاپتا کیا جاتا ہے اور ان پر بدترین تشدد کیا جاتا ہے، جس کے باعث درجنوں قیدی شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اسرائیل اور اس کی "جیل سروس" کو جنسی تشدد کے مرتکب اداروں کی "بلیک لسٹ" میں شامل کئے جانے کو عالمی سطح پر اسرائیل کی مذمت کے مضبوط ثبوت کے طور پر استعمال کیا جائے۔

مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے انہوں نے خبردار کیا کہ اسلامی اوقاف کے کردار کو کمزور کئے جانے کے باعث مسجد اقصیٰ کو شدید وجودی خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ پر اردن کی سرپرستی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ یہ دفاع کی ایک اہم حکمت عملی ہے، جبکہ اسے کمزور کرنے کی ہر کوشش پوری امت پر کھلا حملہ تصور کی جانی چاہیے۔

انہوں نے مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ سرکاری ریاستی دہشت گردی اور آبادکاروں کے مسلح گروہوں کی دہشت گردی ایک دوسرے کے ساتھ مکمل طور پر ملی ہوئی ہے۔

لیگ کے صدر نے فلسطینی قیادت اور عوام کے درمیان اتحاد پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ عرب اور اسلامی ممالک کی مشترکہ اور مؤثر کارروائی کے لئے بنیادی شرط ہے۔ انہوں نے غزہ کا محاصرہ ختم کرانے اور اسرائیل پر سیاسی و معاشی پابندیاں عائد کرنے کے لئے ایک اسلامی پارلیمانی اتحاد قائم کرنے کا مطالبہ کیا، تاکہ اسرائیل کو فوری طور پر پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ اسلامی ممالک، اسلامی دنیا سے باہر موجود ان ممالک کے ساتھ بھی وسیع تر عالمی اتحاد قائم کریں جو فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں، کیونکہ ایسے ممالک کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بین الاقوامی فوجداری عدالت پر دباؤ ڈالنے کی اپیل کی تاکہ اقوام متحدہ کی "بلیک لسٹ" کی بنیاد پر اسرائیلی جیل سروس کے حکام اور اسرائیلی رہنماؤں کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے جائیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کے پارلیمانی وفود باقاعدگی سے غزہ کا دورہ کریں تاکہ اس کی تنہائی ختم ہو۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ تمام سرحدی راستے کھلوانے کے لئے مؤثر اور لازمی اقدامات کرے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایسے قومی قوانین بنانے کی بھی اپیل کی جن کے تحت اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارتی اور مالی لین دین کو جرم قرار دیا جائے، اور حکومتیں بیت المقدس اور مغربی کنارے کے عوام کی مستقل مدد کے لئے پائیدار فنڈز قائم کریں۔

آخر میں لیگ کے صدر نے کہا کہ تاریخ ہر شخص کا کردار محفوظ رکھے گی اور آنے والی نسلیں سب کا احتساب کریں گی۔ انہوں نے ارکان پارلیمان سے اپیل کی کہ وہ "ظلم کے خلاف قانون سازی کی تلوار" بنیں، اور اس بات پر زور دیا کہ بیت المقدس ہمیشہ آزاد انسانوں کی جدوجہد کا مرکز اور رہنمائی کی علامت رہے گا۔

undefined-new

لیگ کے صدر کی قطر کے امیر اور شوریٰ کونسل کے اسپیکر سے والد امیر کے ان...

لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین کے صدر، حمید بن عبداللہ الاحمر نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطر کی شوریٰ کونسل کے اسپیکر حسن بن عبداللہ الغنیم کو والد امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ...

مزید پڑھیں

undefined-new

باکو میں لیگ کی عرب، اسلامی اور افریقی پارلیمانی وفود سے اہم دو طرفہ م...

لیگ آف پارلیمنٹرینز فار القدس اینڈ فلسطین کے وفد نے، جس کی سربراہی جناب حمید بن عبداللہ الاحمر کر رہے تھے، مختلف ممالک کے پارلیمانی وفود کے سربراہان اور نمائندوں سے اہم دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔...

مزید پڑھیں

undefined-new

باکو میں پی یو آئی سی کانفرنس کے موقع پر لیگ کی جانب سے شریک پارلیمانی...

لیگ نے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں منعقد ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کی پارلیمانی یونین (پی یو آئی سی) کے 20ویں اجلاس کے موقع پر شریک پارلیمانی وفود کے اعزاز میں ایک سر...

مزید پڑھیں

العضوية في المنظمات الدولية